مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر مسعود پزشکیان اور جمہوریہ آذربائیجان کے صدر الہام علی اف نے ترکمانستان میں دولتِ مشترکہ کے رکن ممالک کے سربراہان کے اجلاس اور بحیرۂ کیسپین کے ماحولیاتی اجلاس کے موقع پر ملاقات اور مختلف امور پر تبادلۂ خیال کیا ہے۔
اس ملاقات میں اسلامی جمہوریہ ایران اور جمہوریہ آذربائیجان کے دوطرفہ تعلقات کی تازہ ترین صورتِ حال اور مشترکہ تعاون کے عمل کا جائزہ لیا گیا۔
دونوں رہنماؤں نے دونوں ممالک کے اچھے تعلقات اور ہمسایگی پر زور دیتے ہوئے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے اور مزید مستحکم بنانے کے لیے موجودہ صلاحیتوں سے فائدہ اٹھانے کی اہمیت پر تاکید کی۔
دونوں ممالک کے صدور نے مشترکہ معاہدوں اور منصوبوں کا ذکر کرتے ہوئے طے پانے والے معاہدوں پر عمل درآمد کے عمل کو تیز کرنے، زیرِ غور منصوبوں کو مکمل کرنے اور باہمی تعاون کے شعبوں کو مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔
اس ملاقات میں اقتصادی، تجارتی، ٹرانزٹ اور علاقائی شعبوں سمیت تمام مشترکہ دلچسپی کے امور میں دوطرفہ تعاون کو وسعت دینے اور مضبوط بنانے کے لیے دونوں ممالک کے مشترکہ عزم پر تاکید کی گئی۔ اسی طرح مشترکہ اہداف کے حصول اور تہران و باکو کے دوستانہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لیے دونوں ممالک کے حکام کے درمیان مسلسل مشاورت اور تعمیری مذاکرات کے تسلسل پر بھی توجہ دی گئی۔
آپ کا تبصرہ